آزاد کشمیر کو دیئے گئے فنڈز پرنظر رکھے ہوئے ہیں، عمران خان

aiksath.com.pk

اسلام آباد:وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی اورانکے حق خودارادیت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی ختم کرانے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔پاکستان میں تعمیر ترقی اور خوشحالی کے جاری تمام پیکجز کو آزاد کشمیر تک موثر طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے احتساب کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ہم نے حکومت آزاد کشمیر کو لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے فراخدلی سے جو فنڈز دئیے ہیں اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااور کرپٹ عناصر کو احتساب کی گرفت میں لایا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کشمیر کو منظم کرکے الیکٹیبلزکی بجائے اور نوجوان لوگوں کو آئندہ الیکشن کے لئے آگے لایا جائے گا اور پاکستان کے تجربے سے استفادہ کرکے آزاد کشمیر بھر میں اس پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے مانسہرہ تا مظفر آباد موٹر وے اور میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر کے لئے متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو یہاں وزیر اعظم سیکریٹیریٹ اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے سابق صدرکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ون آن ون ایک گھنٹے سے زائد تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعظم پاکستان کا مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر موثر انداز میں اجاگر کرنے پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھی وزیر اعظم پاکستان کو بریفنگ دی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر کے آئندہ آنے والے الیکشن پر بھی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بریفنگ دی اور وفاقت میں جاری پروجیکٹس کو آزاد کشمیر تک بڑھانے کی درخواست بھی کی۔ جس پر وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر ہدایات جاری کیں