خلیل الرحمان قمر کے خلاف ہتک عزت کا پہلا مقدمہ دائرکردیا گیا

aiksath.com.pk

لاہور : پاکستان میں متنازع خواتین مارچ میں نازیبا نعروں کی مخالفت کرنے والے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر کے خلاف ہرجانے کے مقدمات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہتک عزت کاپہلا مقدمہ لاہور کے سیشن جج کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی سے منسلک صحافی فرخ شہباز وڑائچ نے خلیل الرحمان قمر کے خلاف پانچ کروڑ روپے ہرجانہ کا دعوی دائرکرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ انہوں نے انٹرویو کے دوران خلیل الرحمان قمر سے مناسب سوال کیا تو وہ آپے سے باہر ہو گئے اور سوال کا جواب دینے کی بجائے کیمرہ کے سامنے اسے گالیاں دینا شروع کردیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خلیل الرحمان قمر نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع کی جس کے بعد ان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں۔

درخواست گزارصحافی نے موقف اپنایا ہے کہ خلیل الرحمان قمر کی غیر مناسب زبان اور دھمکیوں کی وجہ سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے اس لیے عدالت خلیل الرحمان قمر کو 5 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔