سابق صدر کا کرونا پر فکر مندی اور حکومتی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار

aiksath.com.pk

 کراچی،اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کرونا پر فکر مندی اور حکومتی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران بدقسمتی سے پھر ملک کو مشرف دور کی طرف لے کر جا رہے ہیں

میڈیارپورٹس کے مطابق سابق صدر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ سے ٹیلفون پر بات چیت کررہے تھے، ،قمر زمان کائرہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،قمر زمان کائرہ نے بتایا ہے کہ آصف زرداری سے کورونا وائرس، سیاسی صورتِ حال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔۔

اس موقع پرآصف علی زرداری نے کرونا پر حکومتی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے حکومت کورونا سے لڑنے کے بجائے حزب اختلاف سے لڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  جب 2008 میں پیپلز پارٹی کو اقتدار ملا تو ملک دہشت گردی اور نفاق کا شکار تھا، ہم نے قومی اتفاقِ رائے سے سوات آپریشن کیا اور امن لے کر آئے ۔

سابق صدر نے کہا کہ ملک میں اناج کا بحران تھا، آٹے پر جھگڑے ہو رہے تھے لیکن ہم نے خود کفیل کیا۔ ہم نے قومی اتفاق رائے سے آئین میں ترامیم کیں اور صوبوں کو حقوق دیے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکمران پھر ملک کو مشرف دور کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ بلوچستان ناراض تھا ہم نے آغاز حقوق بلوچستان پیکج دے کر انہیں ساتھ جوڑا۔ مشرف آمریت کی وجہ سے وفاق خطرات کی زد میں آچکا تھا۔

سابق صدر نے کہا کہ ہم نے صوبوں کو آئینی اور مالیاتی اختیارات دے کر وفاق کو مضبوط کیا۔ ہم نے خیبر پختونخوا کو نام دیا اور گلگت بلتستان کو صوبہ کا درجہ دیا۔انہوں نے کہا کہ حکمران پھر سے صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں اور موجودہ حکمرانوں نے ملک میں موجود تمام اتفاق رائے برباد کر دیا ہے، کورونا کے حوالے سے آنے والا وقت زیادہ مشکل ہے اور قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔