عمران خان حکومت میں کورونا مافیا بھی زور پکڑ گیا ،لیاقت بلوچ

aiksath.com.pk

راولپنڈی:نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت میں کورونا مافیا بھی زور پکڑ گیا ۔

کورونا وباء سے متاثرہ افراد کی اموات کی فہرست میں اضافہ کے لیے مصنوعی،شرمناک اور غیر انسانی رویہ اختیار کیا جا رہا ہے قومی اسمبلی اور سینٹ کے ممبران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے جو اس خوفناک کھیل کی پڑتال کرے،وہ مختلف وفود اور  افطار ڈنر کی  نشست میں گفتگو کررہے تھے،لیاقت بلوچ نے  راولپنڈی میں کورونا وائرس سے متاثر اور صحت یاب ہونے والے سید عارف شیرازی،ضیاء اﷲ چوہان سے ان کے گھروں پر ملاقات کی۔ صحت یابی پر اﷲ کا شکرادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے حکومتی ،ہسپتالوں ،قرنطینہ سینٹرز کی حالات انتہائی ابتر ،سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مریض نفسیاتی امراض کا شکار ہو رہے ہیں کورونا وباء سے متاثرہ افراد کی اموات کی فہرست میں اضافہ کے لیے مصنوعی،شرمناک اور غیر انسانی رویہ اختیار کیا جا رہا ہے قومی اسمبلی اور سینٹ کے ممبران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے جو اس خوفناک کھیل کی پڑتال کرے۔آٹا،چینی،انرجی،ادویات مافیا کے بعد عمران خان حکومت میں کورونا مافیا بھی زور پکڑ گیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے افطار ڈنر کی  نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان ذاتی،اجتماعی اوراولاد کی اصلاح رجوع الٰی اﷲ کا مبارک مہینہ  ہے۔قرآن کی تلاوت،فہم اور عمل کے ذریعے ہی قیام پاکستان کے مقاصد پورے ہو سکتے ہیں، کورونا وباء نے سوچنے،غور و فکر  اورعبرت  کی نشانیاں پیدا کی ہیں۔ عالمی اقتصادی ،سیاسی اور جنگی نظام تلپٹ ہو گیا ہے دنیا بدل رہی ہے دنیا کو اپنے ظالمانہ رویوںکو بدلنا ہوگا۔ اب یہ نہیں چلے گا کہ کشمیر،فلسطین،افغانستان میں ظلم کا راج رہے اور دنیا امن کی بانسری بجائے۔بدلتے حالات میں عالم اسلام کے پاس اتحاد کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔جماعت اسلامی کورونا متاثرین کی خدمت کا کام جاری رکھے گی عوام کو قیادت اور نظام بدلنے کے لیے ملک گیر منظم پر امن جدوجہد کریگی۔