حکومت گرانا یا بناناعوام کا اختیار ہے، یوسف رضا گیلانی

aiksath.com.pk

اسلام آباد : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت گرانا یا بناناعوام کا اختیار ہے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کو ٹف ٹائم دینگے، پیپلز پارٹی سینیٹ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ،پی ڈی ایم میں تمام فیصلے متفقہ طور پر کیے جاتے ہیں،نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی بات سیاسی ہے ، پاسپورٹ منسوخ نہیں ہوگا ۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پی ڈی ایم میں جو بھی فیصلے ہوتے ہیں متفقہ فیصلے ہوتے ہیں،سینیٹ الیکشن میں جانے کے لئے مشاورت ہوئی اور ہم نے پیپلزپارٹی کی رائے دی۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی رائے ہے کہ ہم کوئی بھی فورم خالی نہیں چھوڑیں گے، پارلیمنٹ کے اندر ہو یا باہر،سینیٹ الیکشن میں حصہ لیا جائے گا،پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے ایک طویل جدوجہد رہی ہے،ہم عوام کے پاس جا رہے ہیں اور انکو متحرک کر رہے ہیں،ہمارا مطالبہ فوج سے نہیں ہو سکتا کہ وہ ہمارے مطالبے پورے کریں وہ غیر آئینی ہو گا ،نواز شریف لندن میں اپنے میڈیکل چیک اپ کیلئے گئے ہیں،نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی بات ہو رہی ہے لیکن یہ سیاسی باتیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاسپورٹ منسوخ نہیں ہو گا اور نواز شریف جب چاہیں گے ملک میں واپس آئیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت گرانا یا نہ گرانا عوام کا اختیار ہے،جب مناسب وقت ہو گا پی ڈی ایم طے کریگی کہ کیا فیصلے کرینگے۔