ملک بھر کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو

aiksath.com.pk

اسلام آباد (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5072ہو گئی، سرکاری ہسپتالوں میں 774مریض زیر علاج ہیں، جڑواں شہر میں زیر علاج 14مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں گزشتہ تین روز میں 2500سے مریض لائے گئے۔ ترجمان پمز کے مطابق تین روز کے دوران 500سے زائد مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، پمز ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں 80مریض زیر علاج ہیں۔پولی کلینک میں گزشتہ تین روز میں 1500سے زائد افراد ڈینگی کے شبے میں لائے گئے۔ ترجمان کے مطابق لائے گئے افراد میں سے 300سے زائد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، پولی کلینک میں ڈینگی کے 100سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔ راولپنڈی میں محکمہ صحت ذرائع کے مطابق اب تک 270مریض ہسپتالوں میں لائے گئے، 57مریضوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی، مجموعی تعداد 937تک پہنچ چکی ہے۔ متاثرہ افراد میں سے 30فیصد کا تعلق اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے ہے۔

لاہور میں ڈینگی فل بلوم پر ہے، مریضوں کی تعداد 108تک جا پہنچی ہے، 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 8 مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی، شکار ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

ملتان میں ڈینگی میں مبتلا مزید 6 مریض نشتر ہسپتال منتقل کئے گئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 68ہو گئی۔فیصل آباد میں ڈینگی کے 2مریض چل بسے،جبکہ فیصل آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 80 سے زائد ہوچکی ہے۔ فیصل آباد میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج کے باعث لیبارٹریاں بند رہیں، درجنوں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ نہ ہوسکے، ڈینگی کے باعث 2 مریضوں کی اموات ہوئیں۔ سول اور الایڈ ہسپتال میں اس وقت 16مریض زیر علاج ہیں، مریضوں کی تعداد 80سے زائد ہوچکی ہے۔

خیبر پختونخوا میں ڈینگی وار پر وار کر رہا ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 114کیس رپورٹ ہوئے، صوبے میں تعداد 3ہزار 549ہوگئی۔ پشاور میں مزید 53افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، صرف پشاور شہر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 819ہوگئی، صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 262افراد زیر علاج ہیں۔ ضلع خیبر میں مزید 11کیسز رپورٹ ہوئے، متاثرہ افراد کی تعداد 177ہوگئی۔ صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں۔