آئیسکو میں بھرتی کے ٹیسٹ کی بغیر اطلاع منسوخی پر احتجاج، ٹریفک، میٹرو بس سروس بھی معطل

aiksath.com.pk

اسلام آباد: ٹیسٹنگ کے نام پر ملک میں سب سے بڑی سروس کی دعویدار نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس)کا ایک اور کارنامہ، بغیر اطلاع دیے آئیسکو میں بھرتیوں کا ٹیسٹ منسوخ کردیا
دودراز سے ملازمت کی خواہش لیے آنے والے درجنوں امیدواروں کا این ٹی ایس کے خلاف شدید احتجاج، نائنتھ ایونیو پر ٹریفک معطل جبکہ میٹرو بس سروس بھی رکوا دی گئی، این ٹی ایس کی نااہلی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکام سے نوٹس کا مطالبہ کردیا

آئیسکو میں بھرتیوں کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی جانب اتوار کو اسلام آباد کے ایک امتحانی سنٹر میں ٹیسٹ لینے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے لیے ملک کے دوردراز علاقوں سے ملازمت کے خواہش مند امیدواروں کی بڑی تعداد سینکڑوں روپے فیس دینے کے بعد اسلام آباد پہنچے تاہم عین موقع پر انہیں بتایا گیا کہ این ٹی ایس کا ٹیسٹ جو کہ اتوار کو ہونا تھا ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر ملتوی کردیاگیاہے

اس پر دوردراز سے آنے والے نوجوان بپھر گئے اور انہوں نے این ٹی ایس کے خلاف شدید احتجاج شروع کردیا، اس دوران مظاہرین نے پوٹھوہار میٹرو اسٹیشن سمیت نائنتھ ایونیو بلاک کر دی جس سے جڑواں شہروں میں میٹرو بس کی آمدورفت معطل ہوگئی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ بھی موقع پر پہنچ گئی اور مزاکرات کرتے ہوئے معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم خان کی سربراہی میں انتظامیہ اور طلبا کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے اور سڑک کھولتے ہوئے میڑوسروس بھی بحال کردی گئی

این ٹی ایس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ این ٹی ایس نے آئیسکو میں بھرتی کے لئے ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت تمام اسامیوں کے انٹری ٹیسٹ 19 اور 20 اکتوبر کو لئے جائیں گے ۔ترجمان کے مطابق تمام امیدواروں کو بذریعہ ایس ایم ایس اور دیگر ذرائع سے نئی تاریخ کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا

واضح رہے این ٹی ایس میں ٹیسٹ کے لیے دوردراز سے آنے والے امیدواروں نے نہ صرف ٹیسٹ میں شرکت کے لیے بھاری فیسیں ادا کی تھیں بلکہ اتوار کی صبح آٹھ بجے اسلام آباد پہنچنے اور رہائش وغیرہ کے اخراجات اس سے الگ ہیں ۔