کشمیریوں کیلئے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی ،آرمی چیف

aiksath.com.pk

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتی ہے لیکن امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبروتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

ا نہوں نے کہا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں کررہی ہیں اور جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت مسلط کیے ہوئے ہے اور ہمارے جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق غصب کرکے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے اور وادی کو جیل میں تبدیل کرکے لاکھوں کشمیریوں کو قید کردیا گیا ہے۔کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں۔ مرد، خواتین، بوڑھے، بچے اور بیمار حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جبرواستبداد کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کو سلام اور اس جدو جہد میں کشمیری اکیلے نہیں بلکہ ہم بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ ہم دنیا کو ضمیر جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کرے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ کشمیریوں کیلئے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔