والدسید علی گیلانی کی صحت مستحکم ہے، صاحبزادہ نسیم گیلانی

aiksath.com.pk

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے انتقال کےبارے میں سوشل میڈیا پر وائرل خبریں بے بنیاد ہیں،سید علی گیلانی  اللہ کے فضل و کرم سے   حیات ہیں  اوران کی صحت مستحکم ہے۔حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے کشمیری اور پاکستانی عوام کے علاوہ پوری مسلم امہ سے   ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کے بارے میں یہ افواہیں گردش کرتی رہیں کہ وہ  انتقال کرگئے ہیں۔ گزشتہ دنوں پاک سرزمین  کے حوالے سے سید علی گیلانی  کا ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس میں ان کی صحت کی خرابی کا اندازہ لگایا جاسکتا تھا۔

کچھ لوگوں نے  اسی ویڈیو کی بنیاد پر اندازہ لگا کر سوشل میڈیا پر غلط افواہیں پھیلانا شروع کردیں  جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کے عقیدت مندوں اور کشمیریوں میں تشویش کی لہر دوڑگئی۔ حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر  بزرگ کشمیری رہنماسید علی گیلانی  کے بارے میں وائرل  افواہیں بالکل غلط ہیں۔حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے  کہا   کہ سید علی گیلانی علیل ہیں اور ہسپتال میں زیر اعلاج ہیں تاہم ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔

حریت رہنمائوں نے  عوام سے  اپیل کی ہے کہ وہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ اپنے  محبوب قائد کی  جلد صحت یابی کیلئے زیادہ سے زیادہ دعا کریں۔ علاوہ ازیں   کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے صاحبزادے  نسیم گیلانی نے بھی    میڈیا سے گفتگو میں سوشل میڈیا پر اپنے والد سید علی گیلانی  کی وفات  سے متعلق افواہوں کو جھوٹا قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ ا ن کے والد کی حالت مستحکم ہے۔

سید علی گیلانی کی طبیعت پچھلے چھ ماہ سے خراب ہے اور انہیں حال ہی میں ایس کے آئی ایم ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔بدھ کی شام کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مبہم خبریں پھیلائی جارہی تھیں۔ سید علی گیلانی کو گزشتہ روز سینے میں انفیکشن کی وجہ سے تکلیف تھی  اور ان کی صحت کافی خراب تھی۔ تاہم  ان کی صحت اب پہلے سے  بہتر ہے۔