اوآئی سی کی مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت قابل ستائش ہے،فردوس عاشق

aiksath.com.pk

اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی)کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں بیان قابل تحسین ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل اور اوآئی سی کی قراردادوں پر عملدرآمد کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ان مظلوموں کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔اوآئی سی کی مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور پاکستان کے اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا  کہ بھارت ان جرائم میں ملوث نہ ہوتا تو او آئی سی سمیت پوری دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر جانے کی اجازت دیتا۔او آئی سی کے انتہائی اہم وفد کے آزاد جموں کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دورے سے بھارتی جرائم دنیا کے سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پر یہ بھی ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت مسلسل جھوٹ بول رہاہے اورانسانیت کے خلاف اپنے جرائم اورعالمی ضابطوں کی کھلم کھلاخلاف ورزی پرپردہ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔اسلامی دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کا جائز، جمہوری اور قانونی حق دلوانے میں عملی کردار ادا کرے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس اہم اور سنجیدہ انسانی مسئلے پر او آئی سی کا اجلاس بلانا مظلوم کشمیریوں کے حوصلوں کو مزید بلند اور انکی آواز کو مزید قوت دے گا۔مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے، پوری وادی جیل کا منظر پیش کر رہی ہے۔ان کا کہناتھا کہ یہ امت مسلمہ کا کشمیریوں کیلئے احساس ہے اور بھارتی انسانیت سوز مظالم کا بھی اعتراف ہے۔