مودی کا ہاتھ نہ روکا گیا تو دنیا کورونا وائرس بھول جائے گی، ڈاکٹر خالد محمود خان

aiksath.com.pk

اسلام آباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نریندرمودی کا ہاتھ نہ روکا گیا تو دنیا کورونا وائرس بھول جائے گی ۔

نریندرمودی کے ظالمانہ اقدامات اور سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ تیسری عالمگیر جنگ کا پیش خیمہ بنے گی ،تارکین وطن حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں ،ریاض نائکو سمیت دیگر شہداء کا خون صبح آزادی کی نویدبنے گا ،جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کررہا ہے عالمی برادری کی مجرمانہ غفلت کشمیریوں کے لیے باعث تشویش ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے تارکین وطن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ وبائیں اللہ کی ناراضگی کے باعث آتی ہیں پوری ملت اسلامیہ اور اسلامی ممالک کے حکمران رجوع الی اللہ کریں تو بہ استغفار کا اہتمام کریں خانہ کعبہ میں جمع ہو کر اللہ سے معافی مانگیں اور امت کو مشترکہ لائحہ عمل دیں ۔

قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں روزانہ قرآن کا مطالعہ کریں جماعت اسلامی اپنے ویژن 2030کے مطابق اپنے اہداف کے حصول کے لیے سرگرم عمل ہے خدمت کے میدان میں کار ہائے نمایاں سر انجام دے رہی ہے جماعت اسلامی اور الخدمت کے ہزاروں رضا کار اول روز سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہیں تارکین وطن نے اس مرحلے پر بھی بھرپور امداد کر کے اپنا حق ادا کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ کشمیرکی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہندوستان طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا ۔