شہباز شریف نے دوممبران الیکشن کمیشن کے نام وزیر اعظم کو بھجوادیئے

aiksath.com.pk

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے الیکشن کمیشن سندھ اور بلوچستان کے ارکان کی تقرری کے لیے نظرثانی شدہ نام وزیراعظم کو بھجوادیئے ہیں۔

شہبازشریف کی جانب سے سے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا گیا ہے جس میں الیکشن کمیشن ممبران کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے الیکشن کمیشن سندھ کے ممبر کے لیے سینئر وکیل خالد جاوید، جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور جسٹس (ر) نور الحق قریشی کے نام تجویز کیے ہیں جب کہ بلوچستان کے ممبر کے لیے بھی تین وکلا کے نام بھجوائے گئے ہیں جن میں صلاح الدین مینگل، شاہ محمد جتوئی اور ر رﺅف عطاءشامل ہیں۔

شہبازشریف نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا ہے کہ ممبران کے انتخاب کے لیے ہرامیدوار پر تفصیلی باہمی مشاورت ضروری ہے، اتفاق رائے کے لیے مخلصانہ، سنجیدہ اور حقیقی مشاورت ہونی چاہیے، حقیقی مشاورت نہ ہوئی تو آئینی ذمہ داری ادا نہیں ہوگی۔

خط میں مزید کہا گیا ہےکہ ہر شخص کی ساکھ کے لیے یہ مشاورت خفیہ رکھی جانی ضروری ہے، آپ نےسابقہ نامزد افراد پر جھوٹے اور بےبنیاد الزامات لگائے اور خلاف رائے دی، آپ نے اپنے وزیر خارجہ کے خط میں نامزد شخص کو ہی بعد میں ’نااہل‘ قرار دیا، ایسے ہی تبصرےآپ کے نامزد کردہ افراد کے بارے میں بھی با آسانی کیے جاسکتے ہیں لہٰذا میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی رائے نہ دوں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان مشاورت نہ ہوسکنے کے باعث عرصہ دراز سے ممبران الیکشن کمیشن کی نشستیں خالی ہیں.