میڈیا ورکرز کو فرنٹ لائن ورکرز کا درجہ دیا ، فیاض الحسن چوہان

aiksath.com.pk

لاہور:   وزیر اطلاعات  پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے میڈیا ورکرز کو بھی کرونا کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کا درجہ دیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں  کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس سے متاثرہ طبقوں کے ساتھ کھڑے ہیں، سردار عثمان بزدار نے تمام صوبوں سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کے لیے ریلیف پیکج شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا میڈیا ریلیف پیکج میڈیا ورکرز کی خدمات کا اعتراف ہے۔ کورونا وائرس کی رپورٹنگ کے دوران متاثر ہونے والے میڈیا ورکر کو ایک لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کورونا سے خدانخواستہ وفات کی صورت متاثرہ ورکر کے خاندان کو دس لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ وفات پانے والے میڈیا ورکر کی فیملی کو تاحیات دس ہزار روپے ماہانہ پنشن کی صورت میں دیئے جائیں گے۔ ریلیف پیکج حاصل کرنے کے لیے درخواستیں ڈی جی پی آر ہیڈ آفس میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ درخواست دہندہ کے شناختی کارڈ بمعہ آفس کارڈ کی کاپی، کورونا تشخیصی رپورٹ اور ادارے کی جانب سے لیٹر درکار ہو گا۔ درخواست دہندہ کا کورونا ٹیسٹ کسی سرکاری لیبارٹری سے ہونا ضروری ہے۔