صوبوں میں ایف آئی اے کے دائرہ اختیار سے متعلق معاونت طلب

aiksath.com.pk

اسلام آباد (خبر نگار) عدالت عظمٰی نے ہاؤسنگ سوسائٹیز فرانزک آڈٹ کیس میں صوبوں میں ایف آئی اے کے دائرہ اختیار سے متعلق وفاق اور صوبوں سے معاونت طلب کر لی ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو ایف آئی اے نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی آڈٹ رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔ دوران سماعت صوبوں میں ایف آئی اے کے دائرہ اختیار کے بارے سوال اٹھایا گیا تو جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے اگر صوبوں اور وفاق کے قوانین میں تضاد ہو تو وفاق کا قانون لاگو ہوگا، اس کا تعین صوبوں اور وفاق کی رپورٹس آنے کے بعد کیا جائے گا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل چودھری نے کہا ایف آئی اے کے اختیارات اور ضمانت سے متعلق ایشوز کا تعین ہونا ضروری ہے، ایف آئی اے کے بنائے کیسز عام عدالت میں چلیں گے یا خصوصی عدالت میں، یہ بھی دیکھنا ہوگا۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی نے عدالت میں پیش ہو کر ایف آئی اے رپورٹ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے رپورٹ میں بہت سے لوگوں کو شامل نہیں کیا گیا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔