صدر مملکت کا ،پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کا عزم

aiksath.com.pk

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی وزیرِ دفاع وے فنگ حا نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ، پاکستان خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے ، پاکستان ون چائنہ پالیسی ، تائیوان ، تبت ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی بالادستی کے عزائم سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں ملوث اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی نے چین کی معاشی ترقی اور چینی حکومت کے کورونا وبا کے خلاف اقدامات کی تعریف کی، صدر عارف علوی نے مسئلہ کشمیر اور اس پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چینی حمایت کی تعریف کی،

صدر عارف علوی نے کہا دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ، اس موقع پر چینی وزیرِ دفاع جنرل وے فنگ حا نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین فوجی تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ کے اس دورے سے دفاعی تعاون کو مزید تقویت ملے گی، چین پاکستان کے ساتھ ترقی کے فوائد بانٹنا چاہتا ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی میں مددگار ہوں گے،

اعلامیہ کے مطابق چینی وزیر دفاع نے کورونا وبا کے دوران طبی سامان بھیجنے اور مارچ 2020 میں چین کا دورہ کرنے والے واحد غیر ملکی شخصیت ہونے پر صدر عارف علوی شکریہ ادا کیا، چینی وزیر دفاع نے کہا صدر کی جانب سے نشان امتیاز(ملٹری)کا ایوارڈ عطا کرنا دونوں ممالک کے مابین حقیقی دوستی کا عکاس ہے۔