پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا

aiksath.com.pk

لاہور: حکومت کے خلاف بننے والے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا غیر معمولی اجلاس ( منگل) کواسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں 13دسمبر کو پہلے مرحلے کی تحریک کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔

اجلاس اتحاد کے صدر و جے یو آئی(ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہوگا جس میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت اور سینئر رہنما شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پہلے مرحلے کی تحریک کا جائزہ ، 13دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے اور آئندہ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 13دسمبر کو منعقدہ لاہور جلسے میں متوقع اہم فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جس میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ، اسمبلیوں سے استعفوں سمیت دیگر آپشنز زیر غور آئیں گے اور حتمی فیصلے ہوں گے ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے فیصلوں کا حتمی اعلان مینار پاکستان گرائونڈ پر منعقدہ جلسے میں کیا جائے گا ۔