کشمیریوں کی بے مثال تحریک نے بھارت کودنیا میں بے نقاب کر دیا ،لیاقت بلوچ

aiksath.com.pk

لاہور،میرپور:نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ  آزادی  کے حصول  کیلئے  کشمیریوں کی بے مثال تحریک  نے بھارت کو   دنیا میں بے نقاب کر دیا ۔

انہوں نے  میر پور آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر ریاض احمد کے والد کے انتقال پر تعزیت کی اور لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی بے مثال تحریک اور استقامت نے بھارت کو پوری دنیا میں بے نقاب کر دیا ،بھارت میں کورونا وباء اور ماہ رمضان میں بھی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف ظلم،جبر،انسانی جمہوری حقوق کی پامالی اور فاشزم اپنے عروج پر ہے۔

عالمی برادری،عالم اسلام اور عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی اور جانبداری کی وجہ سے بھارت اقلیتوں  کے لیے جہنم زار بن گیا ہے حکومت پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے تقریروں،ٹویٹس سے بڑھ کر اقدام کرنا ہونگے وگرنہ خود پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرات بڑھتے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی جاری مدت میں وزیراعظم عمران خان خود بھی کنفیوژن کا شکار ہے اور پوری قوم کو متحد بھی  نہیں کر سکے اور نہ ہی وفاق اور صوبوں کا مشترکہ لائحہ عمل بنا سکے۔

سپریم کورٹ کی ڈائریکشن سیاسی اورجمہوری سیٹ اپ کی ناکامی کا بگل بجا رہی ہے ،کورونا وائرس  کے باعث پوری دنیا تلپٹ ہوئی ہے دنیا ابھی اور زیادہ بدلے گی سماجی نئے ضابطہ نئی شکل اختیار کریں گے ،مہنگائی،کساد بازاری،بے روزگاری بڑھے گی ،ارتکاز دولت دنیا کے وسائل پر چند دولت مندوں کا قبضہ  اور سرمایہ دارانہ نظام صرف انسانوں کا استحصال ہے انسانوں کے تحفظ کے لیے نیا سماجی اور اقتصادی نظام لانا ہوگا، اسلام کا معاشی نظام ہی دنیا کو اقتصادی سماجی اور انصاف دے سکتا ہے۔