الظواہری کے داماد کے سر کی قیمت 70 لاکھ ڈالر مقرر

aiksath.com.pk

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے القاعدہ کے رہ نما عبد الرحمن المغربی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر سات ملین ڈالرکا انعام مقررکردیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق المغربی کا شمار القاعدہ کے سرکردہ لیڈروں میں ہوتا ہے اور وہ تنظیم کے موجودہ سربراہ ایمن الظواہری کے داماد ہیں۔ مسلح تنظیموں کے ماہرین المغربی کو لومڑی کے طور پر بیان کرتے ہیں جو بھیس بدلنے اور نظروں سے اوجھل ہونے میں مہارت رکھتا ہے۔

2006 میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ عبدالرحمان المغربی کو پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ الظواہری کے داماد عبدالرحمان المغربی اب بھی زندہ ہے اور اس کی تلاش میں مدد دینے اور اس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والواں کو 70 لاکھ ڈالر تک کا انعام دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے ایسی معلومات فراہم کرنے کے بدلے میں پیش کی تھی جس سے القاعدہ کے اس رہ نما کا پتہ لگانے میں مدد ملے گی جو اس وقت ایران میں ہے۔

مزید برآں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مورگن اورٹاگس نے کہا کہ دہشت گردوں کو بلیک لسٹ کرنے اور دہشت گردوں تک رسائی حاصل کرنے کیلیے انعامات کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران اور القاعدہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کا پتہ چلا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ واشنگٹن دہشت گردی کے لیے حمایت کرنے والوں  کو معاف نہیں کرے گا۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس دہشت گردی کے اتحاد کو کچلنے کے لیے امریکا کا ساتھ دیں۔